سرینگر// جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ، پہلگام، سونمرگ اور دیگر بالائی علاقوں میں بھاری برفباری ہوئی ہے۔ محکمہ نے کہا کہ 6 جنوری کو جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور کشمیر میں ہلکی سے درمیانی برفباری کے ساتھ ابر آلود موسم رہے گا۔
محکمہ نے پیشگوئی کی کہ دوپہر کے بعد موسم میں بہتری آئے گی۔ 7 اور 10 جنوری کو مطلع ابر آلود جبکہ 11 اور 12 جنوری کو چند مقامات پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔ 13 اور 15 جنوری کو موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو سرد موسم، برفانی سڑکوں اور منجمد درجہ حرارت کے پیش نظر محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا کہ سفر سے پہلے منصوبہ بندی کریں۔ عوام کو انتظامیہ اور ٹریفک کے ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید دی گئی ہے۔
سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.5، گلمرگ میں منفی 4.5، اور پہلگام میں منفی 1.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جموں شہر میں یہ 9.3، کٹرہ میں 9.2، بٹوٹ میں 2.8، بانہال میں 2.3 اور بھدرواہ میں 3.6 ڈگری رہا۔
“چلہ کلان” کی 40 دن کی سخت سردی کی مدت، جو 21 دسمبر سے شروع ہوئی ہے، 30 جنوری کو ختم ہوگی۔ اس دوران بیشتر آبی ذخائر جزوی طور پر منجمد ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹروں نے عوام کو طویل سردی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، خاص طور پر بچوں اور بزرگ افراد کو زیادہ دیر تک سردی سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔
تازہ برفباری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جو ان دنوں گلمرگ اور دیگر مقامات پر اپنی تعطیلات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ گلمرگ، پہلگام اور سرینگر کے بیشتر ہوٹل مکمل طور پر بک ہو چکے ہیں۔
جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، میدانی علاقوں میں برف و باراں
