سری نگر/ وادی کشمیر میں لگاتار جاری موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر جا رہی ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نالہ رمشی میں طغیانی آنے کے بعد تیکہ بل اور ٹینگہار سمیت متعدد دیہات زیرِ آب آگئے ہیں۔ مقامی مکینوں نے بتایا کہ پانی رہائشی مکانوں میں داخل ہو گیا ہے جس سے جانی و مالی نقصان کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ اسی دوران نیوہ کالونی میں جمع پانی نے سرینگر-پلوامہ سڑک کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس سے آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
پلوامہ اور اننت ناگ اضلاع میں بھی کئی علاقوں کے زیرِ آب آنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں، جہاں لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے واتھورہ چاڈورہ علاقے میں بھی شدید طغیانی کے بعد بستیاں زیرِ آب آگئیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق نزدیکی نالہ میں اچانک پانی کی سطح میں اضافہ ہوا اور چند منٹوں کے اندر ہی پانی رہائشی بستیوں میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں لوگ گھروں میں محصور ہو گئے اور بعد ازاں نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
ادھر انتظامیہ نے کہا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی گئی ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔
وادی میں موسلا دھار بارشیں: پلوامہ اور واتھورہ میں سیلابی صورتحال، لوگ محفوظ مقامات کی اور منتقل
