عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن میں جمعرات کو موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی کھسکنے کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک کمسن بچی اپنی جان کی بازی ہار گئی۔ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ تحصیل مینڈھر کے چک بونالہ علاقے میں پیش آیا جہاں تیز بارشوں کے سبب پہاڑ کا ایک حصہ اچانک ڈہہ جانے کی وجہ سے بارہ سالہ بچی آفیہ کوثر کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
مقامی لوگوں کے مطابق، حادثہ اتنا اچانک تھا کہ کسی کو بچاؤ کا موقع نہیں ملا۔ جب تک اہلِ خانہ اور مقامی باشندے بچاؤ کے لیے پہنچے، آفیہ دم توڑ چکی تھی۔ بعد ازاں پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر نعش کو ملبے سے نکالا اور دیگر متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا۔انتظامیہ نے متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضابطے کے مطابق امداد فراہم کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم مینڈھر نے اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں الرٹ جاری کیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پونچھ، راجوری، اور پیر پنجال کے پہاڑی علاقوں میں مزید بارشوں اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا انتباہ جاری کیا ہے۔مقامی لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں یا غیر محفوظ ڈھلوانوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔
پونچھ مینڈھر میں موسلا دھار بارشیں، 12 سالہ بچی جاں بحق
