سری نگر/جموں و کشمیر میں شدید بارش کے درمیان سکریٹری صحت عابد رشید نے بدھ کے روز کہا کہ یونین ٹریٹری میں صحت کی دیکھ بھال کا نظام مکمل طور پر فعال ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال میں لوگوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔
سکریٹری موصوف نے یہاں میڈیا کو بتایا: ‘ گذشتہ تقریباً آٹھ دنوں سے جموں و کشمیر میں موسمی صورتحال خراب ہے، جموں میں صورتحال مختلف تھی، لیکن آج پھر موسلا دھار بارش ہو رہی ہے،ہمارے تمام صحت کے ادارے پرائمری سے لے کر ٹرٹیری کیئر تک مکمل طور پر کام کر رہے ہیں اور تمام ڈاکٹر، پیرا میڈیکس اور ہیلتھ کیئر سٹاف تعینات ہیں’۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔
عابد رشید نے کہا کہ خاص طور پر جموں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیلتھ کیمپ لگائے گئے ہیں جو لوگوں کو ان کی دہلیز پر ادویات اور علاج فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں،جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں شدید بارش ہوئی ہے، اسپتالوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا: ‘ہم تمام اسپتالوں میں جا رہے ہیں اور یہ چیک کر رہے ہیں کہ تمام تر ضروری اقدام کئے جائیں، پوری انتظامیہ اس میں شامل ہے،ہماری کوشش ہے کہ تمام ڈھانچے، سسٹم، مشینری، آلات کی دستیابی اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ مریضوں کے لیے صحت کی سہولیات قابل رسائی ہوں، کو یقینی بنایا جا سکے’۔
صف اول کے ہیلتھ ورکرز کے کردار کو سراہتے ہوئے عابد رشید نے کہا کہ چاہے برفباری ہو، بارش ہو یا کوئی قدرتی آفت، ڈاکٹر، پیرا میڈیکس، نرسز، ایمبولینس ڈرائیور، سبھی لوگوں کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘یہ لوگ دور دراز علاقوں میں بھی وہ اپنا کام کر رہے ہیں،میں ان سب کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا’۔ ان کا کہنا تھا: ‘انتظامیہ مسلسل تیاری اور چوکسی کی حالت میں ہے، لیکن پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے’۔ موصوف سکریٹری نے کہا کہ محکمہ صحت ہر دو گھنٹے بعد تیاریوں کا جائزہ لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘خاص طور پر جہاں سیلاب آیا ہے یا بہت زیادہ بارش ہوئی ہے وہاں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں، اور لوگوں کے لیے احتیاطی تدابیر پر خاص توجہ دینا بہت ضروری ہے، خاص طور پر پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے حوالے سے، اس کے لیے ہمیں سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ اس پیغام کو پھیلایا جا سکے’۔
صحت کی دیکھ بھال کا نظام مکمل طور پر فعال ہے:سکریٹری صحت ڈاکٹر عابد رشید
