عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے الزام عائد کیا ہے کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، جس پر فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جانی چاہئے محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ پی ڈی پی کو نگین پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرانے سے انکار کیا گیا، جس کے بعد اب وہ حضرت بل پولیس اسٹیشن سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے جموں و کشمیر پولیس سے اپیل کی کہ اس سنگین معاملے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے، کیونکہ یہ واقعہ جان بوجھ کر مذہبی جذبات کو مجروح کرنے اور عوام کو بھڑکانے کے مترادف ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حضرت بل درگاہ میں نصب ایک تختی پر قومی نشان اشوک چکر کی موجودگی پر تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔ اس معاملے پر سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں کچھ افراد کو تختی کو نقصان پہنچاتے دیکھا گیا۔ واقعے کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں اور مذہبی حلقوں نے الگ الگ ردعمل ظاہر کیا ہے۔
حضرت بل تنازعہ: محبوبہ مفتی کا وقف بورڈ چیئرپرسن کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ
