عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو حکومتِ ہند سے اپیل کی ہے کہ سرینگر سے اضافی حج پروازیں چلائی جائیں تاکہ حالیہ پروازوں کی رکاوٹوں کی وجہ سے پھنسے ہوئے عازمینِ حج کو روانہ کیا جا سکے۔
عمر عبداللہ نے ایکس پر لکھا، ’’میں نے حکومتِ ہند سے اپیل کی ہے کہ سرینگر سے اضافی حج پروازیں چلانے کی فوری ضرورت ہے تاکہ حالیہ پروازوں میں خلل کے باعث 1895 عازمین کے باقی رہ جانے والے سفر کو ممکن بنایا جا سکے۔ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ہمارے عازمین کا سفر حج پرسکون اور بروقت ہو۔‘‘
بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث ہوائی سفر میں خلل پڑا ہے جس کے نتیجے میں جموں و کشمیر کے کم از کم 1895 عازمینِ حج پھنس گئے ہیں۔ اس صورت حال کے پیش نظر جموں و کشمیر حج کمیٹی نے اضافی پروازیں چلانے پر غور شروع کر دیا ہے تاکہ تمام باقی رہ جانے والے عازمین کو روانہ کیا جا سکے۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شجاعت قریشی نے بتایا کہ جن عازمین کا سفر تاخیر کا شکار ہوا ہے، اُن کے لیے متبادل بندوبست کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ڈاکٹر قریشی نے کہا، ’’اضافی پروازوں کے لیے ہم حج کمیٹی آف انڈیا کی منظوری کے منتظر ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ اگلے 2-3 دن میں نیا شیڈول موصول ہو جائے گا۔‘‘
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ بھر کی پروازوں کی رکاوٹ کے باعث 1895 عازمین متاثر ہوئے ہیں اور وہ دوبارہ بکنگ کے منتظر ہیں۔ جموں و کشمیر حج کمیٹی متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ خصوصی پروازوں کے ذریعے جلد از جلد تمام عازمین کی روانگی ممکن بنائی جا سکے۔واضح رہے ان رکاوٹوں نے عازمین اور ان کے اہل خانہ میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔
حج 2025: ،وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کامرکز سے اضافی پروازوں کا مطالبہ
