عظمیٰ ویب ڈیسک
گروگرام/دہلی اور(این سی آر) کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے پیش نظر گروگرام ضلعی انتظامیہ نے جمعرات، 10 جولائی کو تمام نجی دفاتر اور اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو گھر سے کام (ورک فرام ہوم) کی اجازت دیں تاکہ ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، گزشتہ 12 گھنٹوں (9 جولائی کی شام 7 بجے سے 10 جولائی کی صبح 7 بجے تک) کے دوران گروگرام شہر میں 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس میں سے 103 ملی میٹر شدید بارش صرف ڈیڑھ گھنٹے (شام 7:30 سے رات 9 بجے) کے دوران ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے گروگرام اور دہلی کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔شدید بارش کے باعث گروگرام کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں اور سڑکوں پر آمد و رفت متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں کے لیے دہلی میں ’’گرج چمک کے ساتھ بارش‘‘کی پیشگوئی کی ہے۔ دہلی میں بدھ کی شام سے شروع ہونے والی بارش نے گرمی اور حبس سے راحت دی ہے اور مطلع ابر آلود ہے۔چنڈی گڑھ کے ریجنل میٹ سینٹر کے مطابق، گروگرام میں آئندہ دو دنوں کے دوران ’’کچھ وقفوں کے ساتھ بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش‘‘کا امکان ہے۔
ادھر ہریانہ کے شہر امبالہ میں بھی بارش ہوئی ہے اور وہاں بھی کل تک ایسی ہی موسمی صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے۔راجستھان کے شہر اجمیر میں بھی شدید بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اجمیر میں 13 جولائی تک “گرج چمک کے ساتھ بارش” کا امکان ہے۔اس سے قبل محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ ملک کے وسطی حصوں میں مانسون کی سرگرمیاں آئندہ 4 سے 5 دنوں تک جاری رہیں گی۔