بانڈی پورہ// وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی صبح سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث گریز-بانڈی پورہ سڑک پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گریز اور ملحقہ علاقوں میں علی الصبح برفباری شروع ہوئی۔ برفباری کے بعد حکام نے مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر گریز-بانڈی پورہ سڑک بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
حکام نے کہا، “گریز-بانڈی پورہ سڑک پر ٹریفک اگلے احکامات تک معطل رہے گی، جیسے ہی موسم بہتر ہوگا، برف صاف کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا”۔
دریں اثنا، وادی کے دیگر بالائی علاقوں، بشمول اچھ بل اننت ناگ، پیر کی گلی، وادی چناب کے بالائی علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانی شدت کی برفباری جاری ہے۔ حکام نے عوام کو برف متاثرہ متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر کے بالائی علاقوں میں مزید برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔