عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شمالی کشمیر کے نوگام سیکٹر میں جمعہ کو ہندوپاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری ہوئی۔ پاکستانی رینجرز کی جانب سے شروع کی گئی گولہ باری کا بھارتی فوج نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ تاہم، اس دوران کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، پاکستان کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ کا جواب بھارتی فوج نے بھرپور انداز میں دیا، جس سے سرحدی علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر فوج کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے جبکہ جنگی سازو سامان سے لیس افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پہلگام حملے کے بعد سے ایل او سی پر سیکیورٹی فورسز کی موجودگی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، سرحدی علاقے میں مقامی رہائشیوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
شمالی کشمیر کے نوگام سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان گولہ باری
