عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// ضلع انتظامیہ جموں نے ہفتہ کو ایک اسلحہ کی دکان کو اس لیے سیل کر دیا کیونکہ اس نے اپنا تجارتی لائسنس کی تجدید نہیں کرائی تھی۔
اسی دوران حکام نے تمام اسلحہ لائسنس ہولڈرز کو ایک ہفتے کے اندر اپنے زائد اسلحہ کو واپس کرنے کی مہلت دی ہے۔
شیو نگر علاقے کی اس دکان کے مالک امرناتھ بھارگوا نے دعویٰ کیا کہ ضلع انتظامیہ نے کاروائی کرنے سے پہلے انہیں کوئی نوٹس نہیں دیا۔ انہوں نے کہا، “میں نے لائسنس کی تجدید کے لیے بروقت درخواست دی تھی اور تمام ضروری مراحل چند مہینے قبل مکمل کر لیے تھے، لیکن انہوں نے بغیر نوٹس کے دکان کو سیل کر دیا”۔
بھارگوا نے لائسنس کی تجدید میں تاخیر پر تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 45 سال سے دکان چلا رہے ہیں۔
اس دوران، جموں کے ضلع مجسٹریٹ سچن کمار ویشیا نے ایک حکم جاری کرتے ہوئے ضلع کے تمام اسلحہ لائسنس ہولڈرز کو آرڈیننس 2019 کے تحت اسلحہ رکھنے کے ضوابط پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس قانون کے مطابق، کسی بھی فرد کو دو سے زیادہ اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔ جن لائسنس ہولڈرز کے پاس دو سے زیادہ اسلحہ ہیں، انہیں اپنے اضافی اسلحہ کو ایک ہفتے کے اندر واپس کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق، “ان لائسنس ہولڈرز کو اپنے اضافی اسلحہ کو قریبی پولیس سٹیشن یا مجاز یونٹ آرمری میں جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، خاص طور پر وہ جو مسلح افواج کے ارکان ہیں”۔
حکم میں کہا گیا ہے کہ “واپسی کے بعد، لائسنس پر مناسب توثیق کرانا ضروری ہے تاکہ اسلحہ لائسنس کی منسوخی اور مزید قانونی کارروائی سے بچا جا سکے”۔
حکام نے خبردار کیا کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے لائسنس ہولڈرز کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کر دیے جائیں گے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔