عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی نے سری نگر میونسپل کارپوریشن اور ایس سی سی ایل کے اشتراک سے ہفتے کو یہاں تجارتی مرکز تاریخی لال چوک میں رنگا رنگ گل داود(چری سینتھیمم) شو کا اہتمام کیا۔صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے اس شو کی افتتاحی تقریب کا افتتاح کیا۔انہوں نے اس موقع پر زرعی یونیوسٹی اور ایس ایم سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ زرعی یونیورسٹی کی لوگوں تک پہنچنے کی ایک اہم پہل ہے۔
ان کا کہنا تھاکشمیر میں موسم خزاں بھی موسم سرما اور موسم گرما جیسا اہم ہے اور اس پہل سے شعبہ سیاحت کو مزید دوام ملے گا۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ یہ گل دائود کا تیسرا شو ہے اور اس پہل کو آگے بڑھانے کے لئے گذشتہ تین برسوں سے کافی محنت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے لوگوں تک پہنچنے کے لئے پورے لالچوک کو مختلف رنگوں کے پھولوں سے سجایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پہل جہاں ایک طرف سیاحوں کے لئے دعوت ہے وہیں دوسری طرف مقامی کسانوں کے لئے بھی ایک ایسا قدم ہے جس سے وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ یہ ایک بہٹ بڑی صنعت ہے۔ گرگ نے کہا کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر میں جو اہم جگہیں سجائی گئی ہیں ان کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگانے کے لئے یہ پھول لگائیں جائیں گے۔انہوں نے لوگوں خاص کر سیاحوں اور طلبا کو دعوت دی کی وہ اس سے لطف اندوز ہوں۔
سری نگر کے تجارتی مرکز لال چوک میں ’گل داؤد‘ شو کا اہتمام
