سرینگر// جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر میں معاشرے کے تمام افراد کو ان کی مذہبی، علاقائی یا سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر ترقی، فلاحی اسکیموں کے فوائد پہنچانے کے لئے پارٹی کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ سرکار نے عوام سے جتنے بھی وعدئے کئے ہیں انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔
ڈاکٹر فاروق نے نوجوان لڑکیوں کی تعلیمی اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے کی اہمیت پر بھی بات کی۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر ہماری بیٹیاں اور بہنیں صحت مند اور اچھی پرورش نہیں رکھتیں تو وہ زچگی اور شادی کی ذمہ داریاں کیسے نبھا سکتی ہیں۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا،”اس سے پہلے کہ ہم اپنے علاقے کی موثر طریقے سے خدمت کر سکیں ہمارے لئے اپنے خاندانوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔آئیے ہم سب اپنی نوجوان لڑکیوں کی نشوونما اور ترقی میں تعاون کرنے کا عہد کریں، کیونکہ وہ انہیں ہی مستقبل کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ نیشنل کانفرنس نے قانون ساز کونسلوں میں درج فہرست ذات برادری کی نمائندگی کو مسلسل ترجیح دی ہے۔یہ ہمارا غیر متزلزل عزم ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو حکومت اور مقننہ میں مناسب نمائندگی دی جائے۔
ان کے مطابق عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت نے جموں خطے کے لئے دو اہم کابینہ کے عہدے مختص کئے ہیں۔نیشنل کانفرنس کی طرف سے وقتاً فوقتاً نافذ کردہ ترقی پسند اور جامع پالیسیوں کی بدولت جموں میں ہمارے درج فہرست ذات کے بھائیوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت ملک کے دیگر حصوں میں ان کے ہم منصبوں سے خاصی بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا بنیادی مقصد معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان اتحاد کو فروغ دینا اور اس بات کی ضمانت دینا ہے کہ ذات، عقیدہ، علاقہ، مذہب یا سیاسی وابستگی سے قطع نظر ترقی کے ثمرات ہر گھر تک پہنچیں۔
حکومت ہر گھر تک ترقی کے ثمرات کو یقینی بنائے گی: فاروق عبداللہ
