نیوز ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں فٹنس اور بہترین کارکردگی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے حکومت 75 لاکھ نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرے گی، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو متعدد کھیلوں کے منصوبوں کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ نے قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ سری نگر میں ڈل جھیل اور جموں کے بسوہلی میں قومی مراکز برائے آبی کھیل (واٹر اسپورٹس) قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’جِمناسٹکس اکیڈمی گندون راج باغ اور کھیل گاؤں، نگروٹہ میں قائم کی جائے گی تاکہ نوجوان جِمناسٹس کو خصوصی تربیت دی جا سکے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے چار کرکٹ اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی، جن کے لیے 28 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، حکومت جموں اور کشمیر صوبہ میں دو نئے یوتھ ہاسٹلز بھی تعمیر کرے گی، جن کے لیے 10 کروڑ روپے کا بندوبست کیا گیا ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ضلعی سطح پر مرحلہ وار ہائی پرفارمنس ٹریننگ سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کی تربیت اور کارکردگی کو نچلی سطح سے بہتر بنایا جا سکے۔
حکومت 75 لاکھ نوجوانوں کو کھیل سرگرمیوں میں شامل کرے گی: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
