عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج کہا کہ حکومت بنگس کو ایک منفرد سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ بنا رہی ہے اورسیاحوں کے لئے بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں لیکن ان کے اِستعمال کا انحصار جنگلاتی کلیئرنس ملنے پر ہے جو اِس علاقے کی منصوبہ بند ترقی کے لئے ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ، جن کے پاس محکمہ سیاحت کا قلمدان بھی ہیں، نے قانون ساز اسمبلی میں رُکن شیخ خورشید کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ بنگس ویلی کی ترقی کے لئے گزشتہ دو برسوں میں اِستعمال کئے گئے فنڈز کی تفصیلات کے مطابق موجودہ مالی سال 2024-25 ء کے لئے 30 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے 24 لاکھ روپے پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں۔
وزیرا علیٰ نے جاری بجٹ سیشن کے وقفہ سوالات کے دوران جواب دیتے ہوئے کہا کہ بنگس ویلی کی پوری زمین محکمہ جنگلات کے دائرے میں آتی ہے۔
اِس کے مطابق یہ معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ کے سامنے اٹھایا گیا ہے تاکہ محکمہ جنگلات کی مشاورت سے مجوزہ کاموں کے لئے اراضی کی نشاندہی میں مداخلت کی جاسکے۔
وزیرا علیٰ نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے زمین کے پارسل کی نشاندہی کے بعد فارسٹ کلیئرنس کے لئے پرویش پورٹل پر ضروری اجازت اور این او سی طلب کئے جائیں گے۔
اُنہوں نے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے کہا کہ محکمہ نے بڑی عمارتوں اور ہوٹلوں کی تعمیر سے گریز پر توجہ مرکوز کی ہے۔
وزیرا علیٰ نے ایوان کو بتایا، ’’اس علاقے کو ایک ماحولیاتی سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینا مقصد ہوگا۔ محکمہ بنیادی تفریحی سہولیات، بارش سے بچاؤ کے لئے شیڈ، عوامی سہولیات، سائن بورڈوں، روشنی کے اِنتظام اورکوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگانے کی سہولیات کی تعمیر پر توجہ دے گا۔‘‘
اِس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ سیاحت نے بنگس ویلی میں مقامی چرواہوں، خانہ بدوشوں اور بنگس وادی کے دیگر باشندوں کے روزگار کے تحفظ کے لئے ’’ پے انگ گیسٹ ہاؤسز‘‘ کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا،’’یہ اقدام مقامی ثقافت ، روایات ضیافتوں کے فروغ میں مدد گار ثابت ہوگا اور سیاحوں کے لئے ایک حقیقی تجربہ فراہم کرے گا۔‘‘ ایون کو بتایا کہ بنگس ویلی کے قریب 19 گیسٹ ہائوسز محکمہ سیاحت کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ بنگس فیسٹول کا اِنعقاد کیا جائے گا تاکہ اِس خوبصورت مقام کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جا سکے۔
حکومت بنگس کو ایک منفرد سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دے گی: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
