عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ /وزیر صحت و تعلیم سکینہ ایتو نے پونچھ کا دورہ کیا، اپنے دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے ڈگری کالج منڈی کا سنگ بنیاد رکھا اور سب ضلع ہسپتال منڈی میں ڈائلسسز وارڈ کا افتتاح بھی کیا۔ اِس موقعہ پر وزیر صحت سکینہ ایتو نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طبی اور تدریسی عملے کی قلت ہمیں وارثت میں ملی ہے تاہم حکومت اِن دونوں اہم شعبوں میں عملے کی قلت پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر تعلیم سکینہ ایتو کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں تدریسی عملے کی شدید قلت ہے جس کے باعث تعلیمی نظام بری طرح سے متاثر ہو رہا ہے ،انھوں نے کہا کہ حکومت نظام تعلیم میں سدھار لانے کیلئے بے حد فکر مندہے اور جنرل لائن ٹیچرز کی منجمد اسامیوں کو دوبارہ سے بحال کرنے پر غور کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا گزشتہ کئی برسوں سے جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کے صرف دعوے ہوئے ہیں لیکن زمینی سطح پر تباہی و بربادی ہوئی ہے ۔سکینہ ایتو کا کہنا تھا کہ عوامی حکومت بننے کے بعد آہستہ آہستہ لوگوں کے مسائل کا ازالہ کیا کیا جا رہا ہے،انھوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے تباہ کن صورتحال کو چند دنوں یامہینوں میں سدھارا نہیں جا سکتا ہے ۔