عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر (ڈی ایس ای کے) نے کشمیر اور جموں کے سرمائی زون کے سکولوں میں سرمائی تعطیلات مرحلہ وار شروع کرنے کی تجویز دی ہے، جو دسمبر کے دوسرے ہفتے سے لاگو ہوں گی۔
ڈی ایس ای کے کی جانب سے پیش کردہ تجویز کے مطابق، دوسری جماعت تک کے طلباء کے لیے سرمائی تعطیلات 9 دسمبر 2024 سے 24 فروری 2025 تک تجویز کی گئی ہیں۔
اسی طرح، تیسری جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلباء کے لیے تعطیلات 16 دسمبر 2024 سے 24 فروری 2025 تک ہوں گی۔
یہ تجویز کشمیر وادی میں موجودہ موسمی حالات، خاص طور پر سرد لہر اور گہرے دھند کی صورتحال کے پیش نظر پیش کی گئی ہے۔
تجویز میں کہا گیا ہے، “موجودہ حالات کے پیش نظر سرمائی تعطیلات کا اعلان ضروری ہے۔ لہٰذا یہ تجویز آپ کے ملاحظے اور مزید ضروری کارروائی اور احکامات کے لیے پیش کی جا رہی ہے”۔
یہ تجویز محکمہ سکول ایجوکیشن کے پرنسپل سیکریٹری کو منظوری کے لیے پیش کی گئی ہے۔