عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر محکمہ تعلیم نے نرسری/بلوتیکا کلاسوں میں داخلہ لینے والے بچوں کے لیے کم از کم عمر کا تعین کرنے کا نیا سرکلر جاری کیا ہے، جو قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کے مطابق ہے۔
حکومت کے سرکلر کے تحت نرسری/بلوتیکا/پری سکول/آنگن واڑی کلاسوں میں داخلے کے لیے کم از کم عمر کی شرط اُس سال کے 30 نومبر کی کٹ آف تاریخ کے مطابق ہوگی، جس سال داخلے کے لیے درخواست دی جائے۔ یہ ہدایات کشمیر ڈویژن اور جموں ڈویژن کے سرد علاقوں میں نافذ ہوں گی۔
یہ فیصلہ کشمیر صوبہ اور جموں کے سرد علاقوں میں نومبر-دسمبر تعلیمی کیلنڈر کی بحالی کے بعد لیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق بچوں کی عمر تین سال سے زیادہ رکھنے کی شرط پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سرکلر میں تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان نئی رہنما خطوط پر عمل کریں تاکہ داخلے کا عمل آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔
محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری سریش کمار گپتا، آئی ایف ایس، نے اس سرکلر پر دستخط کیے ہیں، جسے جموں و کشمیر کے تمام متعلقہ حکام، بشمول چیف ایجوکیشن افسران اور ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کو عمل درآمد کے لیے ارسال کیا گیا ہے۔
یہ اقدام ابتدائی بچپن کی تعلیم کے قومی معیارات کی پابندی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ داخلے کے عمل کو منظم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔