بٹہ کراٹے کی اہلیہ، صلاح الدین کے فرزند سمیت مزید 4ملازمین نوکریوں سے برطرف

File Photo

سری نگر// جموں و کشمیر انتظامیہ نے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں چار ملازمین کو برطرف کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے سرکاری زرائع کے حوالے سے بتایا کہ جموں و کشمیر حکومت نے چار ملازمین کو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کی وجہ سے آئین ہند کی دفعہ 311 کے تحت برطرف کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان ملازمین کی سرگرمیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے منفی نوٹس میں آئی تھیں، اور یہ ملک کی سلامتی کے مفادات کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔
برطرف کیے جانے والوں میں ڈاکٹر محیط احمد بھٹ (سائنسدان-ڈی پوسٹ گریجویٹ شعبہ کمپیوٹر سائنس، کشمیر یونیورسٹی)، ماجد حسین قادری، (سینئر اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ مینجمنٹ اسٹڈیز، کشمیر یونیورسٹی)، سید عبدالمعید، ( منیجر آئی ٹی، جے کے ای ڈی آئی) اور اصابہ الارجمند خان، (پبلسٹی، ڈائریکٹوریٹ آف رورل ڈیولپمنٹ، کشمیر)شامل ہیں۔
سید عبدالمعید یونائیٹڈ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کے بیٹے ہیں جبکہ اصابہ العرجمند خان جے کے ایل ایف کے رہنما اور سابق عسکریت پسند کمانڈر فاروق احمد ڈار عرف بٹ کراٹے کی اہلیہ ہیں۔ اصاب ایک کے اے ایس آفیسر تھے۔