عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ جموں میں قانون ساز اسمبلی کمپلیکس میں جے کے لیجسلیٹو اسمبلی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے بنیادی مطالبات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا،جموں و کشمیر کے عوام کی ایک بنیادی خواہش مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی ہے۔ میری حکومت جموں و کشمیر کے شہریوں کی اس جائز خواہش کو پورا کرنے کے عزم پر قائم ہے ـ
چالیس دن طویل بجٹ اجلاس میں کل 22 نشستیں ہوں گی۔ یہ جموں و کشمیر کی یونین ٹیریٹری کے لیجسلیٹو اسمبلی کا دوسرا اجلاس ہوگا۔ دو دن نجی ارکان کی قراردادوں کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں، جبکہ ایک دن نجی ارکان کے بلز کے لیے رکھا گیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ یونین ٹیریٹری کی حیثیت سے جموں و کشمیر کی لیجسلیٹو اسمبلی کا پہلا پانچ روزہ اجلاس 4 سے 8 نومبر 2024 تک سرینگر میں منعقد ہوا تھا۔ سات سال کے طویل وقفے کے بعد، یونین ٹریٹری جموں و کشمیر میں اپنی قانون ساز اسمبلی کا پہلا بجٹ اجلاس منعقد ہو رہا ہے