عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر میں صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت نے شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (SKIMS)، صورہ کے لیے جدید ترین کینسر کے علاج کی مشین لینیر ایکسیلیریٹر (LINAC) کی خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے۔
۔ LINAC ایک انتہائی جدید طبی آلہ ہے جس میں امیج گائیڈنس کے لیے سی ٹی سکینر یا ایم آر آئی مربوط ہوتے ہیں۔ یہ مشین ہائی انرجی ایکس ریز اور الیکٹران بیمز پیدا کرتی ہے، جو کینسر کے خلیوں کو انتہائی درستگی کے ساتھ تباہ کرتی ہے، جبکہ قریبی صحت مند بافتوں کو کم سے کم نقصان پہنچاتی ہے۔
کینسر کے علاج میں LINAC ایک کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور زیادہ تر مریضوں میں بہتر نتائج کے حصول کے لیے اسے بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
اس اہم پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر کے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا، “صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم یہاں کے لوگوں کو عالمی معیار کی طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ اقدام اسی سمت میں اٹھایا گیا ہے اور کینسر کے علاج کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی متعدد کوششوں میں سے ایک ہے”۔
وزیر نے LINAC کی خریداری کے حکومتی اقدام کو جموں و کشمیر میں کینسر کے علاج کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سہولت کے قیام کے بعد غریب طبقات سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو جدید کینسر کے علاج کے لیے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
سکینہ اِیتو نے کہا کہ یہ سہولت ان خاندانوں کے مالی بوجھ کو بھی کم کرے گی جو علاج کے مرحلے کے دوران مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ LINAC کو SKIMS میں ریاستی کینسر انسٹی ٹیوٹ کے لیے NPCDCS سکیم کے تحت JKMSCL کے ذریعے تقریباً 29 کروڑ روپے کی لاگت سے خریدا جائے گا۔