یو این آئی
سری نگر// سری نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو کا کہنا ہے کہ حکومت کو سمارٹ میٹر نصب کرنے کے لئے اعلیٰ سطح پر ایک فیصلہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گاندربل سے جو پانی شہر میں آتا ہے زرعی سرگرمیوں کی وجہ سے اس میں کمی ہوئی ہے۔
موصوف میئر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘بجلی میں اتنی زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے لیکن کچھ ہوں گے، سپلائی کی کچھ ڈیمانڈ ہوگی سمارٹ میٹرس کی ایک پالیسی ہے اور اس پر حکومت کو اعلیٰ سطح پر ایک فیصلہ لینا ہوگا’۔
شہر میں پانی کی قلت کے حوالے سے مسٹر متو نے کہا کہ جہاں تک شہر میں پانی کا مسئلہ ہے گاندربل سے جو پانی شہر میں آتا ہے اس میں کمی آئی ہے جس کی وجہ زرعی سرگرمیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ فی الحال گاندربل ہائیڈل پروجیکٹ کو بند کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کیا گیا تو پانی میں 20 سے 25 کیوسک اضافہ ہوسکتا ہے جس سے پانی کی قلت دور ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں منی ہائیڈل پروجیکٹ کچھ دنوں کے لیے بند کرنے کی یقین دہانی کی گئی ہے۔