عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (AB PMJAY) اور اے بی پی ایم جے اے وائی صحت (AB PMJAY SEHAT) صحت انشورنس اسکیموں کے نفاذ کی نگرانی کے لیے ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔محکمہ صحت و طبی تعلیم کی جانب سے جاری سرکاری حکم نامہ نمبر661-JK(HME) of 2025کے مطابق کمیٹی کا مقصد ان اسکیموں میں شفافیت، جوابدہی اور باقاعدہ نگرانی کو فروغ دینا ہے۔یہ حکم محکمہ صحت و طبی تعلیم کے سیکرٹری نے جاری کیا ہے۔
کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کریں گے، جبکہ اس میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، مختلف اضلاع کے چیف میڈیکل آفیسران اور اسٹیٹ ہیلتھ ایجنسی کے افسران شامل ہوں گے۔کمیٹی کی بنیادی ذمہ داری ان دونوں صحت اسکیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا، مستحقین کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور حکومت کو باقاعدگی سے پیش رفت رپورٹس ارسال کرنا ہوگی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ یہ اقدام انتظامیہ کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ عوامی صحت کے نظام کو مضبوط کیا جائے اور جموں و کشمیر کے عوام کو مؤثر صحت کوریج فراہم کی جائے۔کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر تین ماہ بعد محکمہ صحت کو اپنی رپورٹس اور سفارشات پیش کرے تاکہ ضروری اقدامات اٹھائے جا سکیں۔صحت کے ماہرین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خامیوں کی نشاندہی، سروس ڈیلیوری میں بہتری اور آیوشمان بھارت اسکیموں کو خطے میں مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
اے بی پی ایم جے اے وائی/اے بی پی ایم جے اے وائی صحت اسکیم کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل |شفافیت، مؤثر عمل درآمد اور صحت انشورنس اسکیموں کی بہتری کو یقینی بنانے کا فیصلہ