عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے ہفتہ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر حکومت سیاحت کے شعبے کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور یہ شعبہ جلد بحال ہوگا۔کپوارہ میں ایک جائزہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مشیر ناصر نے بتایا کہ حکومت سیاحوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے اور سیاحت کا شعبہ جلد ہی بحال ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ خود ان کوششوں میں سرگرم ہیں، جن میں اہم مقامات کے دورے اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ روابط شامل ہیں تاکہ وادی میں سیاحت کی صلاحیت پر اعتماد بحال کیا جا سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی سیاح وادی کا رخ کریں گے اور اعتماد بحال کرنے کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیںاوریہ جلد ہی درست سمت میں آ جائے گا ۔
آیوشمان بھارت (AAY) کیٹیگری کے تحت آنے والے گھروں کو مفت بجلی فراہم کرنے کے حکومتی وعدے سے متعلق سوال پر انہوں نے تصدیق کی کہ اس پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا عملدرآمد کا عمل شروع ہو چکا ہے اور جلد ہی فائدے مستحقین تک پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت، تعلیم، سڑکوں اور کھیلوں کے شعبوں کا بھی اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ “ہم ان تمام اہم شعبوں کی بہتری کے لیے پرعزم ہیں، اور ترقی زمین پر نظر آئے گی،” انہوں نے یقین دہانی کرائی۔
حکومت سیاحتی شعبے کی بحالی کیلئے پرعزم، وزیر اعلیٰ ذاتی طور کوششوں میں سرگرم: مشیر ناصر
