جموں// جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ ’لکھ پتی دیدی‘ مہم ایک انقلابی اقدام ہے جو خاندانوں کو مضبوط بنانے اور آنے والی نسلوں کی تعمیر کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے جموں میں محکمہ دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے زیر اہتمام منعقدہ ’لکھ پتی دیدی سمیلن‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم دیہی معیشت میں انقلاب برپا کر رہی ہے اور جموں و کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہموار کر رہی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ ’لکھ پتی دیدی‘ مہم نہ صرف ماؤں اور بہنوں کی آمدنی میں اضافے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ ایک شاندار اقدام ہے جو خاندانوں کو مضبوط کرنے اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کا جموں و کشمیر کی ترقی کے سفر میں کلیدی کردار ہے اور اس کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
عمر عبداللہ نے کہا، ’’ہماری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی فعال شرکت کے بغیر ترقی کی طرف ہمارا سفر نامکمل رہے گا‘‘۔
یہ مہم خواتین کی خودمختاری کو یقینی بنانے اور دیہی علاقوں میں خوشحالی لانے کے لیے ایک مضبوط قدم کے طور پر ابھر رہی ہے۔
جموں و کشمیر حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پُرعزم ہے: عمر عبداللہ
