عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی حکومت نے سکولی تعلیم کو ہر ممکن حد تک قابل رسائی بنانے کے لیے ایک اور بڑا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت کابینہ نے ملک بھر میں 85 نئے کنڈرئیہ ودیالیہ (KVs) کھولنے کی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام سے بڑی تعداد میں طلبہ کو فائدہ پہنچے گا اور کئی نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اپنے ایک ہندی پوسٹ میں کہا، “ہماری حکومت نے اسکولی تعلیم کو ہر ممکن حد تک قابل رسائی بنانے کے لیے ایک اور بڑا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت، ملک بھر میں 85 نئے کنڈرئیہ ودیالیہ کھولے جائیں گے۔ اس قدم سے بڑی تعداد میں طلبہ کو فائدہ ہوگا اور کئی نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نیشنل ایجوکیشن پالیسی کے مطابق معاشرے کے ہر طبقے تک اسکولی تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا، “اس کے تحت ہماری حکومت نے ملک بھر میں 28 نئے نوودیہ ودیالیہ (NVs) کی منظوری دی ہے۔ یہ اقدام معیاری رہائشی تعلیم کے دائرہ کار کو مزید وسعت دے گا”۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت ملک بھر میں کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا، “اس سمت میں، ہماری حکومت نے دہلی میٹرو کے چوتھے فیز کے تحت رِتھالا-کندلی کاریڈور کی منظوری دی ہے۔ اس سے دہلی اور ہریانہ کے درمیان سفر مزید آسان ہوگا”۔
کابینہ نے جمعہ کو 85 نئے کیندریہ ودیالیہ اور 28 نئے نوودیہ ودیالیہ کی منظوری دی۔ اس کے ساتھ ہی ایک کنڈرئیہ ودیالیہ کی توسیع کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
ان نئے کیندریہ ودیالیہ کے قیام سے ملک بھر میں 82,000 سے زائد طلبہ کو معیاری اور سستی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
85 نئے ودیالیہ کے قیام اور ایک موجودہ ودیالیہ کی توسیع کے لیے کل تخمینی لاگت 5,872.08 کروڑ روپے ہے، جو 2025-26 سے آٹھ سالوں میں خرچ کی جائے گی۔
فی الحال، ملک میں 1,256 فعال کیندریہ ودیالیہ ہیں، جن میں تین بیرون ملک (ماسکو، کھٹمنڈو اور تہران) میں ہیں، اور ان سکولوں میں 13.56 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
کابینہ نے جمعہ کو دہلی میٹرو کے فیز-IV منصوبے کے تحت 26.463 کلومیٹر لمبے رِتھالا-کندلی کاریڈور کی بھی منظوری دی، جس سے دہلی اور ہریانہ کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔
اس پورے کاریڈور میں 21 سٹیشن ہوں گے، جو تمام بلند ہوں گے۔