عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (MGNREGA) سے وابستہ معاون عملے کے ماہانہ مشاہرے میں اضافے کو منظوری دے دی ہے۔
ملازمین کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس اقدام سے تقریباً 4000 ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا، “جموں و کشمیر انتظامیہ تمام عملے اور ان کے خاندانوں کی بہبود کے لیے پرعزم ہے”۔
ایل جی کے دفتر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “منریگا کے معاون عملے کے ماہانہ معاوضے میں اضافہ کو منظوری دے دی گئی ہے جس سے ان کی دیرینہ طلب کو پورا کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے تقریباً 4000 ملازمین کو فائدہ ہوگا۔جموں و کشمیر انتظامیہ تمام عملے اور ان کے اہل خانہ کی بہبود کے لیے پرعزم ہے”۔