عظمیٰ ویب ڈیسک
چنڈی گڑھ/ہریانہ کے گورنر پروفیسر اسیم کمار گوش نے ریاست کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کی 50 طالبات کوایک دیا دیش کے نام پروگرام کے تحت جمعہ کے روز یہاں راج بھون سے ہری جھنڈی دکھا کر کشمیر کے لیے روانہ کیا۔ایک دیا دیش کے نام پروگرام میڈیا اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی ملک کی خدمت سے متاثر اس یاترا میں ہریانہ کی طالبات کشمیر جا کر سرحد پر تعینات فوجیوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار منائیں گی۔
گورنر نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا،اگر آج ہم اپنے گھروں میں محفوظ رہ کر خوشیاں منا رہے ہیں، تو اس کا سہرا ان بہادر سپاہیوں کے سر ہے جو سرحدوں پر ملک کے دفاع میں دن رات مصروف رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہریانہ کی بیٹیاں اس پروگرام کے ذریعے حب الوطنی اور سماجی ذمہ داری کی ایک مثال قائم کر رہی ہیں۔گورنر نے ہندوستانی فوجیوں کی بہادری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے جب بھی ضرورت پڑی، دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کامیابی حاصل کی خواہ 1948، 1965، 1971 کی جنگ ہو یا کارگل کی لڑائی۔اس موقع پر گورنر اور ان کی اہلیہ مترا گوش نے تمام لوگوں کو دیوالی کی دلی مبارکباد بھی پیش کی۔
ہریانہ: گورنر نے ’ایک دیا دیش کے نام‘ پروگرام کا افتتاح کیا، 50 طالبات کشمیر روانہ
