عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور راحت رسانی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ناصر اسلم وانی نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر سرینگر میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود، پارٹی عہدیداران اور کارکنان کے مسائل و مشکلات بغور سنے اور متعدد معاملات پر موقعے پر ہی متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے فوری کارروائی کی ہدایت دی۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ کابینہ وزیر ستیش شرما بھی موجود تھے۔ عوامی وفود نے اپنے اپنے علاقوں اور ذاتی مسائل اُجاگر کیے، جن میں بنیادی سہولیات، سماجی بہبود، اور ترقیاتی امور شامل تھے۔ دونوں لیڈروں نے وفود کے تمام تحفظات بغور سنے اور ان کے فوری ازالے کی یقین دہانی کرائی۔
ناصر اسلم وانی نے کہا:’نیشنل کانفرنس کو روزِ اول سے ہی عوام کا تعاون اور اشتراک حاصل رہا ہے اور یہی جماعت لوگوں کے حقوق، مفادات اور احساسات کی پاسبان رہی ہے۔ ہر نازک اور پُرآشوب دور میں ہماری جماعت نے لوگوں کی صحیح رہنمائی کی۔‘انہوں نے مزید کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کی اولین ترجیح یہی ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ راحت پہنچائی جائے اور ہر فیصلہ عام لوگوں کے مفاد کو سامنے رکھ کر کیا جائے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران مختلف شعبوں میں بہتری لانے اور پسماندہ و مستحق افراد کیلئے سماجی بہبود کے کاموں کو تیزی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔
ناصر اسلم وانی نے کہا کہ منشور میں عوام سے جو وعدے کیے گئے تھے، ان پر عمل درآمد کا عمل شروع ہو چکا ہے اور اللہ کے فضل اور عوام کے تعاون سے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔
حکومت عوامی راحت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے: ناصر اسلم وانی
