عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/فوج کی پندرہویں کور کے کمانڈر نے شمالی اور جنوبی کشمیر کے مختلف حساس علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سلامتی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے فوجی دستوں کے حوصلے، مستعدی اور قربانی کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کی انتھک خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
چنار کور کمانڈر نے کہا کہ وادی میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسلسل چوکسی اور مکمل تیاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے حالات میں فورسز کو نہ صرف موجودہ خطرات سے نمٹنا ہے بلکہ کسی بھی غیر متوقع صورتِ حال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیز ردعمل ہی دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی ضمانت ہے۔
انہوں نے افسران اور جوانوں کو مقامی آبادی کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنے اور اعتماد سازی کے اقدامات کو مزید فروغ دینے کی تلقین کی۔ کمانڈر نے کہا کہ عوام اور فورسز کے درمیان بہتر رابطہ، امن و ترقی کے مشترکہ ہدف کے لیے نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے چنار کور کے اس عزم کو دہرایا کہ ہر طرح کے حالات میں اعلیٰ جذبے اور حوصلے کے ساتھ کام کرتے ہوئے کشمیر کو پُرامن، خوشحال اور ہم آہنگی پر مبنی خطہ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سپاہی کی فرض شناسی، جانفشانی اور قربانی ہی امن کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
جی او سی کا شمالی و جنوبی کشمیر کا دورہ، فوج کی آپریشنل تیاریوں کا لیا جائزہ
