عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرحدی کشیدگی کے دوران ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے محکمہ صحت کے ملازمین کے خلاف گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کی جانب سے سخت کارروائی کی گئی ہے۔کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اے ایس بھاٹیا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تمام ملازمین کی تنخواہیں تاحکم ثانی روک دی گئی ہیں جو جاری سیکیورٹی الرٹ کے باوجود ڈیوٹی سے غیر حاضر رہے۔
ڈاکٹر بھاٹیا نے بیان میں کہا:’جب ملک ایک نازک صورتحال سے گزر رہا تھا اور تمام سرکاری اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا، اس وقت ڈیوٹی پر حاضر رہنا ہر سرکاری ملازم کی اولین ذمہ داری تھی۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ محکمہ صحت کے کچھ اہلکاروں نے اس ہدایت کی خلاف ورزی کی، جس پر تادیبی کارروائی ناگزیر بن گئی۔‘
واضح رہے کہ سرحدی کشیدگی کے دوران تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی تھیں اور خصوصی احکامات کے ذریعے سب کو اپنی تعیناتی کی جگہ پر فوری حاضری دینے کا حکم دیا گیا تھا۔ تاہم، متعدد ملازمین نے ان احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے کنارہ کشی اختیار کی۔