عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات میں لڑکیوں نے سبقت حاصل کی۔
پیر کو سی بی ایس ای کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق 94.75 فیصد طالبات نے دسویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 91.52 فیصد طالبات نے 12ویں کا امتحان پاس کیا ہے۔
بورڈ نے سب سے پہلے 12ویں کے نتائج کا اعلان کیا اور تقریباً ایک گھنٹے کے بعد اپنی سرکاری ویب سائٹس cbse.gov.in اور cbseresults.nic.in پر دسویں جماعت کے امتحانی نتائج بھی جاری کر دیے گئے۔ اس بار 87.98 فیصد طلباء نے سی بی ایس ای 12ویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے۔ جبکہ دسویں جماعت کے امتحان میں 93.60 فیصد طلباء کامیاب ہوئے ہیں۔
اس بار سی بی ایس ای اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو میرٹ سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ ایسے طلباء کو ان کے ڈیجی لاکر اکاؤنٹ میں سی بی ایس ای میرٹ سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔
اس سال 10ویں جماعت کے امتحان میں کل ملاکر 22,38,827 طلبہ شریک ہوئے تھے جن میں سے 20,95,467 طلبہ پاس ہوئے ہیں۔ کامیاب طلباء کا تناسب 93.60 فیصد رہا جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.48 فیصد زیادہ ہے۔
وہیں اس بار 87.98 فیصد طلباء 12ویں جماعت میں کامیاب ہوئے ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال 0.65 فیصد زیادہ طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ لڑکیوں کے پاس ہونے کا تناسب لڑکوں کے مقابلے میں 6.40 فیصد زیادہ ہے۔
ترویندرم ایک بار پھر سی بی ایس ای کلاس 12 کے نتائج میں 99.91 فیصد کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا علاقہ بن کر ابھرا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پریاگ راج کا نتیجہ 78.25 فیصد کے ساتھ سب سے کم پوزیشن پر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دسویں جماعت میں بھی تریویندرم علاقہ کا نتیجہ 99.75 فیصد کے ساتھ بہترین رہا ہے۔ وجئے واڑہ خطہ 99.60 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ چنئی خطہ 99.30 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ سب سے برا نتیجہ گوہاٹی ریجن کا 77.94 فیصد ہے۔
دہلی کے علاقے میں 2,95,792 طلباء نے سی بی ایس ای کلاس 12 کے امتحان میں شرکت کی تھی اور 2,80,925 طلباء کامیاب ہوئے ہیں۔ دہلی میں 94.97 فیصد طلباء پاس ہوئے ہیں۔ مشرقی دہلی میں طلبہ کا امتحان کا نتیجہ 94.51 فیصد رہا اور مغربی دہلی میں 95.64 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔
17 لاکھ 41 اسکولوں کے کل ملاکر 18417 طلبہ نے سی بی ایس ای 12ویں کے امتحان کے لیے رجسٹریشن کرایا تھا اور یہ امتحان 7126 امتحانی مراکز پر لیا گیا تھا اور 1 کروڑ 10 لاکھ 50 ہزار 267 امیدواروں نے جوابی پرچے لکھے تھے۔
اس امتحان میں سینٹرل تبتی اسکول ایڈمنسٹریشن اسکول کے امیدواروں کی کامیابی 93.23 فیصد رہی۔ جواہر نوودیا ودیالیہ کا نتیجہ 98.90 فیصد، کیندریہ ودیالیہ کا 98.81 فیصد، امداد یافتہ سرکاری اسکولوں کا 91.42 فیصد، سرکاری اسکولوں کا نتیجہ 88.23 فیصد رہا، جب کہ آزادانہ طور پر امتحان دینے والے اداروں کا نتیجہ 87.70 فیصد رہا۔