شاہ نواز
ریاسی / ریاسی ضلع میں سلال ڈیم کے دروازے کھولنے کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ درج کیا گیا ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے مقامی آبادی کو انتباہ جاری کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سلال پاور اسٹیشن انتظامیہ نے اتوار کی صبح ڈیم کے متعدد گیٹ کھول دیے، جس کے نتیجے میں چناب میں پانی کا بہاؤ اچانک تیز ہوگیا۔ اس صورتحال کے پیش نظر ریاسی ضلع انتظامیہ نے دریا کے کنارے رہائش پذیر لوگوں اور کسانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور کسی بھی صورت میں دریا کے قریب جانے سے گریز کریں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ مسلسل بارشوں اور اوپری علاقوں میں طغیانی کے سبب ڈیم کے گیٹ کھولنا ناگزیر تھا تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پانی کی سطح مزید بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر اپنی سرگرمیوں کو فی الحال محدود رکھیں اور جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔
انتظامیہ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم یا مقامی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔