عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر پولیس نے گاندربل اور سوپور میں کیمیکلز، کھاد، ہارڈ ویئر اور دیگر حساس مواد فروخت کرنے والی دکانوں پر بڑے پیمانے پر چیکنگ مہم چلائی، جس کا مقصد سکیورٹی پروٹوکول کی سخت پابندی اور حساس تجارتی سامان کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی حساس مواد کی فروخت، خرید و فروخت کے ریکارڈ اور ذخیرہ اندوزی کے طریقہ کار کی جانچ کا حصہ ہے، تاکہ ایسے سامان کو کسی بھی غیر قانونی، تخریبی یا ملک دشمن سرگرمی میں استعمال ہونے سے روکا جا سکے۔گاندربل میں مختلف پولیس تھانوں کی خصوصی ٹیموں نے اعلیٰ افسروں کی نگرانی میں دکانوں کے اسٹاک رجسٹر، انوائسز، فروخت کا ریکارڈ، اسٹوریج کی حالت اور لائسنسنگ دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مکمل اور شفاف ریکارڈ رکھیں، سیفٹی قواعد پر سختی سے عمل کریں اور اگر کوئی شخص مشکوک مقدار یا غیر معمولی مواد خریدنے کی کوشش کرے تو فوراً پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس نے کہا کہ بعض مخصوص کیمیکلز، سالونٹس اور آلات ایسے ہیں جو عام مارکیٹ میں دستیاب ہونے کے باوجود تخریب کار عناصر کے ہاتھ لگنے پر خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، اس لیے نگرانی کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔
سوپور میں بھی پولیس نے دکانوں کی باریک بینی سے تلاشی لی اور دکانداروں کو خریداروں کی شناخت، خریدی گئی مقدار اور مطلوبہ استعمال کا درست ریکارڈ رکھنے کی ہدایت دی۔ پولیس نے دکانوں میں فعال سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حساس مواد کی ٹریس ایبلٹی اور نگرانی کے لیے یہ اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔اس سلسلے میں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سوپور پولیس نے حال ہی میں کیمیکل اسٹورز، کھاد فروش مراکز، ہارڈ ویئر شاپس اور ورکشاپس کا جامع سروے مکمل کیا ہے، تاکہ پورے ضلع میں حساس مصنوعات کی مانیٹرنگ کو مضبوط بنایا جا سکے۔پولیس نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے، حساس تجارتی سامان کے غلط استعمال کی روک تھام اور حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایسی چیکنگ مہمات آئندہ دنوں میں بھی جاری رہیں گی۔ پولیس نے تاجروں اور عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔
گاندربل اور سوپور میں کیمیکل، کھاد اور ہارڈ ویئر دکانوں کی بڑے پیمانے پر چیکنگ