سرینگر // شفافیت اور شہریوں پر مرکوز شراکت داری مودی گورننس ماڈل کی امتیازی پہچان ہیں کا دعویٰ کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے عملہ، عوامی شکایات اور پنشن ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مودی حکومت کے دوران دن یا رات کے کسی بھی حصے یا ملک و بیرون ملک کے کسی بھی حصے سے آر ٹی آئی درخواستوں کی ای- فائلنگ کیلئے 24 گھنٹے کی پورٹل سروس متعارف کرائی گئی تھی۔اُنہوں نے کہا کہ مستقبل کی ترقی ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ہو گی اور اس کیلئے ہمیں ہمیشہ تیار رہنا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق وگیان بھون میں آزادی کا امرت مہوتسو: آر ٹی آئی کے ذریعہ شہریوں پر مرکوز گورننس” کے موضوع پر منعقدہ سنٹرل انفارمیشن کمیشن کے 15ویں سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ سال 2014 میں جب سے وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتدار سنبھالا ہے، شفافیت، جوابدہی اور شہریوں کی مرکزیت ،ان کے گورننس ماڈل کی پہچان بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سالوں میں انفارمیشن کمیشن کی آزادی اور وسائل کو مضبوط بنانے کیلئے ہر شعوری فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ بااختیار شہری جمہوریت کا ایک اہم ستون ہیں اور سنٹرل انفارمیشن کمیشن معلومات کے ذریعے لوگوں کو بااختیار بنانے کیلئے کام کرتا رہے گا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزیدکہاکہ حق ِ اطلاعات ( آر ٹی آئی) ایکٹ کوئی الگ الگ قانون نہیں ہے، بلکہ یہ ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط کرنے، نظم و نسق میں شفافیت کو یقینی بنانے اور عام شہریوں کی صلاحیتوں کی تعمیر کے وسیع بیانیے کا ایک حصہ ہے تاکہ وہ باخبر فیصلے اور صحیح انتخاب کر سکیں۔
وزیرموصوف نے مزید کہا کہ سب سے بڑھ کر یہ شہریوں اور حکومت کے درمیان اعتماد کو پروان چڑھانے کے بارے میں ہے،جہاں دونوں کو ایک دوسرے پر اعتماد ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مودی حکومت کے دوران ، دن یا رات کے کسی بھی حصے یا ملک و بیرون ملک کے کسی بھی حصے سے آر ٹی آئی درخواستوں کی ای- فائلنگ کیلئے24 گھنٹے کی پورٹل سروس متعارف کرائی گئی تھی۔آئی سی کی طرف سے تیار کردہ موبائل ایپ نے شہریوں کو آسانی سے اپیلیں دائر کرنے کے ساتھ ساتھ مقدمات کی سمعی وبصری سماعت کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کے قابل بنایا۔