بھونیشور// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے ورثے کی بدولت دنیا کو یہ پیغام دینے میں کامیاب ہے کہ مستقبل جنگوں میں نہیں بلکہ بدھ کے امن اور عدم تشدد کے اصولوں میں ہے۔
پراواسی بھارتیہ دیوس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بھارت نہ صرف جمہوریت کی جنم بھومی ہے بلکہ یہاں جمہوریت عوام کی زندگی کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھارت کی بات سنتی ہے، جو نہ صرف اپنی رائے کو مضبوطی سے پیش کرتا ہے بلکہ گلوبل ساؤتھ ممالک کی ترجمانی بھی کرتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا، “بھارت اپنے قدیم ورثے کی طاقت سے دنیا کو یہ باور کرانے میں کامیاب ہے کہ جنگ نہیں بلکہ بدھ کے اصول امن کی بنیاد ہیں”۔
انہوں نے بھارتی نژاد شہریوں کو ملک کا سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کے کسی بھی حصے میں رہنے والے اپنے ہم وطنوں کو مشکل وقت میں مدد فراہم کرنے کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔
مودی نے بھارتی نژاد کمیونٹی کے 1947 کی آزادی کی تحریک میں کردار کو سراہتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ 2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے میں تعاون کریں۔
وزیر اعظم نے بھارت کو ایک نوجوان اور ہنر مند ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ بھارتی نوجوان بیرون ملک ہنر کے ساتھ جائیں، کیونکہ عالمی سطح پر ماہر کارکنوں کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مودی نے مزید کہا کہ جی 20 اجلاس کو بھارت کے مختلف علاقوں میں منعقد کیا گیا تاکہ عالمی برادری بھارت کی ثقافتی تنوع کو قریب سے دیکھ سکے۔
انہوں نے کہا، “بھارت کے لوگوں کی زندگی تنوع پر مبنی ہے، ہمیں تنوع کو سیکھنے کی ضرورت نہیں بلکہ یہ ہماری زندگی کا حصہ ہے”۔
مستقبل جنگ میں نہیں، بدھ کے اصولوں میں مضمر ہے: وزیر اعظم مودی
