عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/تازہ لینڈ سلائیڈز کی وجہ سے مغل روڈ کی بحالی میں تاخیر ہو گئی ہے، تاہم توقع ہے کہ آئندہ ایک یا دو دن میں ٹریفک کی آمدورفت بحال ہو جائے گی۔یہ لینڈ سلائیڈز ضلع پونچھ میں مغل روڈ کے متعدد مقامات پر ہوئی ہیں۔ اس سے قبل انتظامیہ نے آج سڑک کھولنے کی تاریخ مقرر کی تھی، اور ٹریفک کی بحالی کی امید بھی اسی دن کی گئی تھی۔
بارڈر روڈز آرگنائزیشن جس نے کچھ ماہ قبل اس سڑک کا انتظام سنبھالا تھا، گزشتہ کئی دنوں سے برف ہٹانے کا کام کر رہی تھی، جو دو روز قبل پونچھ کی جانب سے پیر کی گلی تک مکمل کر لیا گیا تھا۔
سرنکوٹ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ فاروق خان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہاتمام کام شیڈول کے مطابق جاری تھا اور قوی امکان تھا کہ سڑک 10 اپریل کو کھول دی جائے گی، لیکن کچھ مقامات پر لینڈ سلائیڈز کی وجہ سے ٹریفک کی بحالی میں تاخیر ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر موسم صاف رہا تو سڑک اب 11 اپریل کو کھولی جائے گی۔ آج ضلعی مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی جانب سے سڑک کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔
تازہ لینڈ سلائیڈز کی وجہ سے مغل روڈ کی بحالی میں تاخیر
