عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، تاہم بدھ کی رات درجہ حرارت میں کئی مقامات پر معمولی بہتری دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات سرینگر کے مطابق وادی میں سردی کی شدت آئندہ 26 دسمبر تک جاری رہنے کی توقع ہے، اور موسم میں کسی خاص تبدیلی کا امکان نہیں۔
سرینگر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ رات کے منفی 5.3 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں معمولی بہتر رہا۔ تاہم یہ موسم کے اس دورانیے میں معمول سے 2.5 ڈگری سیلسیس کم رہا۔
مشہور سیاحتی مقام پہلگام سب سے سرد ترین مقام رہا جہاں منفی 5.8 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جو منگل کے منفی 6.8 ڈگری سیلسیس سے معمولی بہتر تھا۔ یہ درجہ حرارت بھی موسم کے اس حصے میں معمول سے 1.3 ڈگری سیلسیس کم رہا۔
قاضی گنڈ میں بھی درجہ حرارت میں بھی بہتری دیکھی گئی جہاں بدھ کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو ایک دن قبل منفی 6.0 ڈگری سیلسیس تھا۔ یہ درجہ حرارت اس مقام کے معمول سے 2.7 ڈگری سیلسیس کم رہا۔
جنوبی کشمیر کے ایک اور مشہور مقام کوکرناگ میں رات کے درجہ حرارت میں خاصی کمی آئی اور یہ منفی 2.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ رات کے منفی 5.7 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں کم تھا۔ تاہم یہ بھی اس وقت کے موسم کے معمول سے 0.7 ڈگری سیلسیس کم رہا۔
شمالی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت میں ایک ڈگری کا اضافہ ہوا اور بدھ کو یہ 5.0 ڈگری سیلسیس پر رہا، جو اس دن کے معمول کے مطابق تھا۔
کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں رات کا درجہ حرارت مزید کم ہوکر منفی 4.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو منگل کو منفی 5.6 ڈگری سیلسیس تھا۔ یہ بھی معمول سے 1.7 ڈگری سیلسیس کم رہا۔
محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔