عظمیٰ ویب ڈیسک
ریاسی// جموں و کشمیر بینک کی پونی برانچ میں ایک بڑے گھوٹالے کا پردہ فاش ہوا ہے، جس میں برانچ کے اسسٹنٹ منیجر (اے ایم) کو ملوث پایا گیا ہے۔
بینک کے اسسٹنٹ منیجر ایشوریندر سنگھ پر تین سال کے عرصے میں غیر قانونی طور پر غیر فعال اور بند کھاتوں سے 126.34 لاکھ روپے نکالنے کا الزام ہے۔یہ رقم طویل عرصے تک خاموشی سے بند کھاتوں سے نکالی جاتی رہی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گھوٹالے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایشوریندر نے ایک فعال اکاونٹ سے رقم نکالنے کی کوشش کی، جس سے اکاونٹ ہولڈر کو شک پیدا ہوا، جس نے فوری طور پر حکام کو آگاہ کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کرتے ہوئے، ایس ایس پی ریاسی موہتا شرما نے کارروائی کی اور ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر، ریاسی نیرج پڈیار کی قیادت میں کریک ٹیم کو تشکیل دی۔
جموں بھر میں مکمل تلاشی کے بعد ایشوریندر کو جموں کے سینک کالونی میں اس کے ٹھکانے سے گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس پی ریاسی موہیتا شرما نے گرفتاری پر راحت کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو 126.34 لاکھ روپے لوٹنے والے مجرم کے خلاف سخت کاروائی کا یقین دلایا۔