مشتاق الاسلام
پلوامہ// سنگرونی پلوامہ میں شہری کے ساتھ مار پیٹ کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے چیف ایجوکیشن افسر پلوامہ نے 4 اساتذہ کے خلاف معطلی کے احکامات صادر کئے ہیں۔
چیف ایجوکیشن افسر پلوامہ عبدالقیوم ندوی نے بتایا کہ گزشتہ روز انہیں شکایت موصول ہوئی کہ اندروالی سنگرونی میں قائم سرکاری سکول میں اساتذہ نے مختار احمد شاہ نامی ایک شہری جس نے اپنی دو کنال ملکیتی اراضی سکول کے نام وقف کردی تھی کو سکول کے چند اساتذہ نے لوہے کی سلاخ سے زد و کوب کیا۔
چیف ایجوکیشن افسر پلوامہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے موصوف نے پہلے زونل ایجوکیشن دفترسے رپورٹ طلب کر لی اور جمعہ کو انہوں نے خود علاقے کا دورہِ کرکے حالات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جو تحقیقاتی رپورٹ ابھی تک سامنے آئیں اس سے پتہ چلا کہ 4 سرکاری اساتذہ اس میں ملوث پائے گئے اور ابتدائی کاروائی کے دوران چاروں اساتذہ کو معطل کردیا گیا۔