محمد تسکین
رام بن/ضلع رام بن میں قومی شاہراہ پر کیلا موڑ سرنگ (ٹی-2) کے اندر ایک بس کے حادثے کا شکار ہونے سے شری امرناتھ یاترا کے چار یاتری زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق، بالتل سے جموں کی جانب جانے والے قافلے کی ایک بس زیر رجسٹریشن نمبر RJJ-22PB/1011 اُس وقت حادثے کا شکار ہوئی جب ڈرائیور نے بس پر قابو کھو دیا۔ بس سرنگ کے اندر لوہے کی ایک گرِل سے ٹکرا گئی، جس سے بس کا سامنے والا شیشہ ٹوٹ گیا اور چار افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر پولیس، فوج اور مقامی لوگوں نے ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا۔ضلع اسپتال رام بن کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سدھرشن سنگھ کٹوچ نے تصدیق کی کہ چار زخمیوں کو اسپتال لایا گیا اور ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ اُن کے مطابق، تمام زخمی افراد کی حالت مستحکم ہے اور مزید طبی معائنہ جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ بس کے دیگر یاتریوں کو ایک متبادل بس میں منتقل کر کے جموں کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے مقام پر ایک لین میں ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔
جموں سرینگر شاہراہ پر کیلا موڑ سُرنگ میں امرناتھ یاتراقافلے کی گاڑی حادثے کا شکار،4یاتری زخمی
