عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیر کے روز پہلگام کے چندن واری کے قریب زیڈ موڑ کے مقام پر امرناتھ یاتریوں کو لے جانے والی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی ، جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے، جن میں تین یاتری گجرات سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ گاڑی کا مقامی ڈرائیور بھی زخمیوں میں شامل ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، ٹیکسی زیر رجسٹریشن نمبر JK03C-5073 چندن واری روٹ پر اس وقت حادثے کا شکار ہو گئی جب گاڑی کا توازن بگڑ گیا اور وہ سڑک سے نیچے جا گری۔زخمیوں میں تین یاتری گجرات کے رہائشی ہیں جبکہ ڈرائیور کا تعلق پہلگام سے ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت کو مستحکم قرار دیا گیا ہے۔مقامی پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔
پہلگام میں زیڈ موڑ کے قریب یاتری گاڑی حادثے کا شکار، چار افراد زخمی
