محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر چملواس کے نزدیک پولیس گاڑی کو پیش آئے ایک سڑک حادثے میں گاڑی میں سوار جموں و کشمیر آرمڈ پولیس کے 4 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ پولیس گاڑی نمبر JK02-4560ڈوڈہ سے سرینگر کہ طرف آنے کے دوران بانہال سے قریب پانچ کلومیٹر پہلے چملواس کے نزدیک سڑک سے نیچے لڑھک گئی۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی بانہال پولیس اور بانہال والنٹیئرس کے رضاکاروں نے مقامی لوگوں کے ساتھ ملکر بچاو کاروائیوں کو انجام دیا اور زخمیوں کو گاڑی سے نکال کر سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے۔
ہسپتال حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں تین کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جبکہ ایک زخمی کا بازو فریکچر ہوا ہے۔
انہوں نے ہسپتال لائے گئے زخمیوں کی شناخت عادل نذیر ولد نذیر احمد ساکنہ حضرت بل سرینگر ، معراج الدین ولد عبدالرشید ولد نور باغ سرینگر ، سجاد احمد ولد اسد اللہ ساکنہ قاضی گنڈ ، پرویز احمد ولد عبدالرشید ساکنہ اننت ناگ کے طور کی ہے۔