جموں// کرائم برانچ جموں نے بدھ کے روز ارگیشن محکمہ کے سابق پانچ آفیسران سمیت نو افراد کے خلاف چارج شیٹ پیش کیا ۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ افراد نے سرکاری اراضی پر قبضہ جما کر وہاں پر عمارت اور پیٹرول پمپ قائم کیا ہے۔کرائم برانچ جموں کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بدھ کے روز محکمہ ارگیشن کے پانچ سابق ملازمین سمیت نو افراد کے خلاف عدالت مجاز میں چارج شیٹ پیش کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد کے خلاف سال 2016میں کیس رجسٹر کیا گیا تھا ۔
کرائم برانچ نے ملزمان کی شناخت سابق ایگزیکٹیو انجینئر جئے پال ، سابق اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر اشوک نندا ، کرشن لال ، بلدیو سنگھ اور رندیپ سنگھ کے بطور کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جن عام شہریوں نے سرکاری اراضی پر قبضہ جمایا ہے ان کی شناخت سورن سنگھ ، منجیت سنگھ ، گلدیو سنگھ اور جگت رام کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ امن چودھری نامی ایک شہری نے کرائم برانچ میں شکایت درج کی کہ منجیت سنگھ اور اس کے والد سورن جو کہ جموں کے رہائشی ہے نے اریگیشن محکمہ کی اراضی پر غیر قانونی طورپر قبضہ جما کر وہاں پر عمارت اور پیٹرول پمپ تعمیر کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ عمارت بینک کو کرایہ پر دی گئی جبکہ گیارہ مرلہ اراضی پر پیٹرول پمپ تعمیر کیا گیا۔شکایت کنندہ کے مطابق مذکورہ افراد نے غیر قانونی طریقے سے سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے جعلی کاغذات بنائے ہیں۔
کرائم برانچ کے مطابق تحریری شکایت کے بعد تحقیقات شروع کی گئی جس دوران منکشف ہوا کہ ملزمان نے سرکاری اراضی پر ناجائز طورپر قبضہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹھوس ثبوت و شواہد کی روشنی میں عدالت مجاز میں بدھ کے روز چارج شیٹ پیش کی گئی۔