غلام نبی رینہ
کنگن //وسطی ضلع گاندربل کے کنگن علاقے میں محکمہ خوراک نے تین ریسٹورنٹوں کے لائسنس معطل کر دئیے ہیں۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب ان ریسٹورنٹوں سے جمع کیے گئے کھانے کے نمونے لیبارٹری جانچ میں ناقص اور غیر معیاری ثابت ہوئے۔
انچارج فوڈ انسپکٹر فیاض احمد نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ معمول کے معائنے کے دوران کنگن میں متعدد ریسٹورنٹوں سے کھانے کے نمونے حاصل کیے گئے تھے۔ “نمونے جانچ کے لیے لیباٹری میں بھیجے گئے تھے اور جب رپورٹس میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں تو تین ریسٹورنٹوں کے لائسنس فوری طور پر حکم نامے تک معطل کر دئیے گئے ۔فوڈ انسپکٹر نے مزید کہا کہ ریسٹورنٹوں کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی بھی شروع کی جائے گی۔
حکام کے مطابق جن ریسٹورنٹوں کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں ان میں شاہی تہذیب، پٹھان ریسٹورنٹ اور بجاد ریسٹورنٹ شامل ہیں۔ اس کارروائی کے بعد مقامی سطح پر صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی جانچ کو مزید سخت بنایا جائے تاکہ صارفین کی صحت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔
کنگن میں محکمہ خوراک کی کارروائی ، تین ریستوران کے لائسنس معطل
