عظمیٰ نیوز ڈیسک
سری نگر/گاندر بل پولیس نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ایک خاتون سیاح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں اُس نے ایک شخص کی تصویر دکھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مذکورہ شخص نے اس سے مذہب سے متعلق سوالات کیے۔
پولیس نے معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری کارروائی کی اور ویڈیو میں دکھائے گئے شخص کی شناخت ایاز احمد جونگل ولد غلام نبی جونگل ساکن گوہی پورہ، رائیزن، گاندر بل کے طور پر کی۔ پولیس کے مطابق، ایاز احمد سونمرگ کے تھاجواس گلیشیئر پر گھوڑے کی سواری فراہم کرنے والے کے طور پر کام کرتا ہے۔گاندر بل پولیس نے اسے حراست میں لے کر مسلسل پوچھ گچھ شروع کر دی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے اس سلسلے میں قانونی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔پولیس نے یقین دلایا ہے کہ وادی میں سیاحوں کی حفاظت اور اعتماد کو اولین ترجیح دی جائے گی، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جو ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کریں گے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گاندربل میں ایک مشتبہ شخص گرفتار
