عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ترن چُگ نے ہفتہ کو وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے لداخ سے متعلق بیانات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتخابات سے قبل جموں و کشمیر کے عوام سے کیے گئے کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کیا۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے چُگ نےوزیر اعلیٰ عمر کو مشورہ دیا کہ وہ لداخ کی فکر کرنے کے بجائے جموں و کشمیر کے مسائل کو حل کرنے پر دھیان دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ملک میں خوشی کا ماحول ہوتا ہے تو اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور انڈیا بلاک کی دیگر جماعتیں ماتم کا راگ الاپنا شروع کر دیتی ہیں۔چُگ نے کہا کہ بھارت کی نئی نسل ملک کو خود کفیل بنانے میں مصروف ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں پر چل کر آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا، ’’وزیر اعظم مودی نے نئی نسل کو ایک ہدف دیا ہے اور وہ مسلسل نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس کا نتیجہ پورے ملک میں واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔‘‘
لداخ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے چُگ نے کہا کہ مرکزی حکومت اس معاملے پر فعال طور پر بات چیت کر رہی ہے اور کئی دور کے مذاکرات ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لداخ کو یونین ٹیریٹری کا درجہ دیا، دو اضلاع سے پانچ نئے اضلاع تراشے ۔چُگ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں لداخ بھی جموں و کشمیر کی طرح ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے باب کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ ـــ
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ انتخابات کے دوران جموں کشمیر کی عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو وفا کرنے پر توجہ دیں :ترون چُگ
