دریائے چناب میں طغیانی، بگلیہار ڈیم کے گیٹ کھول دیے گئے

KU Admin
3 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے خطہ چناب میں مسلسل بارش کے بعد چناب ندی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر رامبن ضلع کے بگلیہار پن بجلی ڈیم کے حفاظتی گیٹ کھول دیے گئے ہیں۔ حکام نے ندی کے کنارے رہنے والے افراد کو چوکنا رہنے اور غیر ضروری طور پر دریا کے قریب نہ جانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خطے میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں دریائے چناب میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے بگلیہار ڈیم کے حکام نے پانی کا بہاؤ کم کرنے کے لیے ڈیم کے گیٹ جزوی طور پر کھول دیے، تاکہ پانی کی سطح قابو میں رہے اور ڈیم کو نقصان نہ پہنچے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر رامبن کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شہری، خاص طور پر کسان، مویشی پالنے والے اور ماہی گیر حضرات، دریا کے قریب جانے سے گریز کریں، کیونکہ پانی کا بہاؤ تیز ہے اور کسی بھی وقت مزید پانی چھوڑا جا سکتا ہے۔ ایڈوائزری میں اسکولوں اور دیگر اداروں کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں تک مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ریسکیو ٹیمیں ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رکھی گئی ہیں۔
بگلیہار ڈیم، جو دریائے چناب پر واقع ایک اہم پن بجلی منصوبہ ہے، ریاست کے توانائی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ڈیم کی دیکھ بھال کرنے والے انجینئروں نے بتایا کہ اگرچہ صورتحال قابو میں ہے، مگر پانی کے بڑھتے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے وقتاً فوقتاً کنٹرولڈ طریقے سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں، افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔

Share This Article