مشتاق الاسلام /نالہ رومشی میں اچانک آنے والے شدید طغیانی نے گوسو پلوامہ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جہاں پانی کے تیز بہاؤ نے کم از کم 50 سے زائد سیب کے درخت بہا دیے، جب کہ بجلی کے کھمبے بھی پانی کی زد میں آکر زمین بوس ہوگئے۔
متاثرہ کسانوں میں منظور احمد بٹ ولد مقصود بٹ اور شبیر بٹ ولد محمد اکرم شامل ہیں، جن کے باغات کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔نالہ رومشی میں پانی کا بہاؤ اس قدر شدید تھا کہ درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے، اور نالے کے کنارے نصب بجلی کے متعدد کھمبے بھی پانی کی نذر ہوگئے۔اس صورتحال کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی مکمل طور پر منقطع ہو چکی ہے، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اس دوران ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے کاکا پورہ، کھدمو، قوئل اور اونتی پورہ کے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور حالات کا ازخود جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرین کی فوری مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔