عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پیر کو حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پروازیں منسوخ کر دی گئیں ہیں، جس کے باعث وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو زمینی سفر کے ذریعے سرمائی دارالحکومت جانا پڑا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو جموں ایئرپورٹ کی تمام شام کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ آج صبح بھی آمد و روانگی کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو بھی کم حد نگاہ کی وجہ سے پرواز میں تاخیر کے باعث آج صبح جموں تک زمینی سفر کرنا پڑا۔
انہوں نے ایکس پر پوسٹ کیا، “جموں میں حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے اچانک، آخری لمحے میں زمینی سفر کرنا پڑا۔ کل جموں سے کوئی پرواز نہ آئی نہ گئی، اس لیے مجھے سفر کے لیے تیار ہونا پڑا”۔
انہوں نے مزید کہا، “سرکاری رہائش گاہ کی بالکونی سے دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ آج بھی پروازیں چلنے کے امکان کم ہیں۔ آپ اس دھند میں سورج کو بمشکل دیکھ سکتے ہیں”۔
پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے سپائس جیٹ، انڈیگو اور الائنس ایئر کی سروسز متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں دہلی، سرینگر اور جموں کے ہوائی اڈوں پر مسافر پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، جو ہر آدھے گھنٹے میں حد نگاہ کی پیمائش کرتا ہے، یہ دھند نما موسم بارش ہونے تک میدانی اور سرحدی علاقوں میں برقرار رہے گا۔
ماہر موسمیات ڈاکٹر مہندر سنگھ نے کہا کہ ان دنوں میدانی سرحدی علاقوں میں دھند نما موسم غالب رہتا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ کھیتوں میں فصلوں کی باقیات کو جلانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، “آئندہ دنوں میں مغربی ہوا کے دباؤ کے باعث شمالی کشمیر کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ ہفتے کے آخر میں ایک اور مغربی حلل بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، جس کے بعد دھند میں کمی کا امکان ہے”۔