عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے چکن دا باغ، پونچھ میں ہند و پاک افواج کے درمیان بریگیڈیئر سطح کی میٹنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ افہام و تفہیم اور بات چیت کے ذریعے ہی سرحدوں پر امن و امان کا ماحول قائم و دائم رہ سکتا ہے، اور سرحدی آبادی امن، چین اور سکون کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان اس طرح کی فلیگ میٹنگوں کا انعقاد ایک معمول ہونا چاہیے، اور دونوں طرف کو وقفے وقفے سے ایسی میٹنگوں کے ذریعے سرحدوں پر امن کا ماحول برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ سرحدی آبادی کو ہمیشہ امن، چین اور سکون سے زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا جانا چاہیے، کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ ہند و پاک دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو برصغیر میں پائیدار اور دیرپا امن کی ضمانت قرار دیا ہے، اور دونوں ملکوں سے ہمیشہ آپسی تعلقات بہتر بنانے کی اپیل کی ہے۔
ان کے مطابق مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے کہا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستی، دونوں ممالک کی مضبوطی اور آزادی کی ضمانت ہے، اور جموں و کشمیر کے عوام کے لیے بھی یہی سودمند ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ دونوں ممالک نہ صرف سرحدوں پر بلکہ سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی آپسی تعلقات بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں گے، تاکہ خطے میں پائیدار اور دیرپا امن، ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ یقینی بنایا جا سکے۔